ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ایران میں سب سے بڑا دہشت گردی کا منصوبہ ناکام

ایران میں سب سے بڑا دہشت گردی کا منصوبہ ناکام

Tue, 21 Jun 2016 17:28:28  SO Admin   S.O. News Service

تہران،21جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ایرانی انٹیلیجنس حکام نے اب تک کے سب سے بڑا دہشت گردانہ منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے جس کا ہدف دارالحکومت تہران اور ملک کے دیگر صوبے تھے۔ یہ بات ایران کے سرکاری ٹیلی وژن نے بتائی ہے۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سرکاری ٹیلی وژن کے ایک میزبان نے اِس مناسبت سے ایک ایسا بیان پڑھ کر سنایا جو ان کے مطابق ملک کی انٹیلیجنس منسٹری کی طرف سے فراہم کی گئی معلومات تھیں۔ تاہم اس بارے میں مزید معلومات کے لیے انٹیلیجنس حکام سے فوری رابطہ ممکن نہ ہو پایا۔سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق انٹیلیجنس حکام کی طرف سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد قبضے میں لینے کے بعد متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی فارس نے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی شامخانی کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس منصوبے کے مطابق رمضان کے مہینے میں دہشت گردانہ حملے کیے جانے تھے۔رپورٹ میں گرفتار شدگان کی شناخت کے حوالے سے تو وضاحت نہیں کی گئی مگر ان کے لیے تکفیری کا لفظ استعمال کیا گیا ہے جو عربی اور فارسی میں ایسے مسلمانوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جو اینے علاوہ دیگر مسلمانوں کے ایمان سے خارج سمجھتے ہیں۔ایسوی ایٹڈ پریس کے مطابق ایرانی حکام کی طرف سے اکثر سنی دہشت پسند گروپ اسلامک اسٹیٹ کے لیے تکفیری کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے، تاہم مذکورہ دہشت گردانہ منصوبے کے بارے میں یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اس کی کڑیاں اسلامک اسٹیٹ یا داعش سے ملتی ہیں۔داعش عراق اور شام میں سرگرم ہے اور ان ممالک کے کئی علاقوں پر قبضہ کیے ہوئے ہے۔ جبکہ شیعہ اسلام کا مضبوط گڑھ ایران داعش کے خلاف شامی اور عراقی حکومتوں کی مدد کر رہا ہے۔ ایرانی حکام کی طرف سے قبل ازیں ممکنہ دہشت گردانہ حملوں کے خطرے سے خبردار کیا گیا تھا۔ 1979ء میں اسلامی انقلاب کے فوری ردعمل کے بعد سے ایران میں اس طرح کے دہشت گردانہ حملے نہیں دیکھے گئے۔ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی IRNA نے بھی اسی طرح کی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ انٹیلیجنس منسٹری نے دہشت گردی کے حملے کو ناکام بنایا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق یہ حملہ وہابی تکفیریوں کی طرف سے تیار کیا گیا تھا۔ وہابی ازم دراصل اسلام کا وہ مسلک ہے جس کی زیادہ تر پیروی سعودی عرب میں کی جاتی ہے۔مئی میں ایران کے انٹیلیجنس منسٹر محمود علوی نے اعلان کیا تھا کہ حکام نے ایسے 20 دہشت گردانہ گروپوں کا خاتمہ کیا ہے جو ایران بھر میں بم دھماکے کر کے افراتفری پھیلانا چاہتے تھے۔


Share: